پانی،گیس، بجلی کیلئے گلشن حدید کے مکینوں کاکیمپ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیل مل کی رہائشی کالونی اسٹیل ٹاؤن اور گلشن حدید کے رہائشیوں نے اسٹیل ٹاؤن تھانے چوک پرپانی، گیس اور بجلی کی بحالی، برطرف ملازمین کے بقایاجات اور بحالی کے لیے احتجاجی کیمپ قائم کیا۔
اس موقع پر محنت کش رہنماؤں دھنی بخش سموں، اکبر ناریجو، امجد زرداری، سلیم گل، اللہ رکھیو زرداری اور دیگر نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کے سی ای او مزدور دشمن پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ملک میں جہاں جشنِ آزادی کے دن جوش و خروش سے منائے جا رہے ہیں، وہاں پاکستان اسٹیل مل کی رہائشی کالونی اور گلشن حدید کے عوام پانی کے ایک قطرے کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے فولاد ساز ادارے کو جان بوجھ کر بند کرکے سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے ۔ طویل عرصے سے پانی، بجلی اور گیس بند ہے ، اور مزدور لکڑیاں جمع کرکے آگ جلا کر کھانا پکانے اور دور دراز سے گاڑیوں میں پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔ نااہل سی ای او کو ہٹانے کے بجائے وفاقی حکومت گہری نیند سو رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیل مل کے برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات بھی ادا کیے جائیں۔ وفاق میں بیٹھے حکمران اپنی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے اس عظیم قومی ادارے کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ، احتجاج جاری رہے گا۔