اپنے ٹاؤنز کے تمام اسکول ماڈل بنائیں گے ، منعم ظفر

 اپنے ٹاؤنز کے تمام اسکول ماڈل بنائیں گے ، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیم جماعت اسلامی کی اوّلین ترجیح ہے ، اپنے 9ٹاؤن کے تحت آنے والے تمام اسکولوں کو ماڈل اسکول بنائیں گے۔

 مختصر عرصے میں صرف لیاقت آباد ٹاؤن میں 9اسکولوں کی تزئین وآرائش اور تعمیر ِ نو اور16پارکوں کو بحال و آباد کیا، سندھ حکومت کا 631ارب کا سالانہ بجٹ اگر نا اہلی اور کرپشن کی نذر نہ ہو تو سندھ میں تعلیم کا بُرا حال نہیں ہوتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لیاقت آباد ٹاؤن کے تحت یوسی 7میں نواب صدیق علی خان اور شبلی نعمانی کے نام سے منسوب اسکولوں کی تعمیر نو اور تزئین آرائش کے بعد افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ، ٹاؤن چیئر مین لیاقت آباد فراز حسیب و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں اسکولوں کے طلبہ و اساتذہ سمیت والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، بچوں میں درسی کتب اور دیگر تحائف تقسیم کیے گئے ، بچوں نے ٹیبلو اور ترانے بھی پیش کیے ، منعم ظفر خان نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا اور پرچم کشائی بھی کی۔ منعم ظفر نے ٹاؤن چیئر مین سمیت پوری ٹیم کی کوششوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جس کی بدولت تبال حال اسکولوں کی حالت بہتر بنائی گئی اور پارکوں کو بحال کیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں