مختلف حادثات و واقعات کے دوران تین افراد چل بسے
پڈعیدن،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) پڈعیدن کے وارڈ نمبر 9 میں نوجوان حاشر ولد محمود مغل نے مبینہ طور پر زہریلی دوائی پی کر خودکشی کرلی۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی نے دو سال قبل اپنے بھائی ایاز مغل کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا اور نشہ کا عادی بتایا جاتا ہے ۔
علاقہ مکینوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈوکری کے ایک نجی کلینک میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے 22 سالہ اصغر علی ولد گل حسن کھوکھر جاں بحق ہوگیا۔ بخار کی حالت میں لائے گئے نوجوان کو غلط جگہ انجکشن لگنے سے زخم ناسور بن گیا اور زہر جسم میں پھیل گیا۔ ورثا نے ڈاکٹر پر غفلت کا الزام عائد کیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ میہڑ کے نواحی گاؤں غلام نبی کھوسو میں زرعی زمین کے لیے نہر کی کھدائی کے دوران اقبال کھوسو ولد عبداللہ کھوسو نہر میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو نہر سے نکال کر تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ واقعے سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔