معمر خاتون کو قتل کرنے کے ملزمان میاں بیوی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں 60 سالہ خاتون صفیہ کے لرزہ خیز قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں پولیس نے گرفتار ملزمان میاں بیوی فائزہ اور محمود کو پیش کیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر اور وکیل مدعی کے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں چار دن کی توسیع کر دی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی اور مقتولہ کا سونا بھی برآمد کرنا باقی ہے ۔ انہوں نے استدعا کی کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے ۔ تفتیشی افسر امداد سولنگی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ فائزہ نے 28 اپریل کو ملیر غازی ٹاؤن کی رہائشی 60 سالہ صفیہ کو گلا دبا کر اور تشدد کرکے قتل کیا۔ واردات کے بعد ملزمہ کے شوہر محمود نے اس کا ساتھ دیا اور دونوں نے مقتولہ کی سونے کی بالیاں مارکیٹ میں فروخت کر دیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمہ نے قتل کے بعد مقتولہ کی لاش ایک صندوق میں ڈال کر ملیر غازی ٹاؤن میں پھینک دی جہاں سے پولیس نے اسے برآمد کیا۔ کیس کی تفتیش کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ گارڈن کر رہی ہے ، عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے ۔