لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کیخلاف درخواست پرفریقین کونوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک چلانے کے منصوبے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومت، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، آئی جی سندھ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ سماعت کی آئندہ تاریخ روسٹر کے مطابق مقرر کی جائے ۔ درخواست گزار کی جانب سے شہاب امام ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ لیاری ایکسپریس وے بنیادی طور پر لانگ روٹ پبلک سروس گاڑیوں کے لیے بنایا گیا تھا تاہم اب حکام رش سے کم اوقات میں ہیوی ٹریفک کے استعمال کی اجازت دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری ایکسپریس وے کا موجودہ اسٹرکچر ہیوی ٹریفک کے بوجھ کے لیے موزوں نہیں ہے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں قریبی آبادیوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایکسپریس وے کے دونوں اطراف گھنی آبادیاں موجود ہیں اور اس کا زیادہ تر حصہ زمین سے بلندی پر تعمیر کیا گیا ہے ، اس لیے ہیوی ٹریفک کے گزرنے سے خطرات میں اضافہ ہوگا۔ مزید کہا گیا کہ ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک چلانا قانونی طور پر بھی درست نہیں۔