نوجوان ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ،وزیراعلیٰ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں صوبے اور ملک کی ترقی کی ضمانت ہیں۔
یہ بات انہوں نے منگل کو وزیر اعلی ہاؤس سے جاری اپنے پیغام میں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پرکہی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں پاکستان کی نمائندگی نوجوان رہنما بلاول بھٹو کر رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا نوجوان آبادی والا ملک ہے اور اس حقیقت کے پیش نظر ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ، ہنر مند اور باصلاحیت بنائیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، تعلیم، ہنر اور روزگار کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں جبکہ مقامی حکومتوں میں نوجوانوں کو فیصلہ سازی کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ، اسپورٹس اور ٹیکنالوجی پروگرامز بھی جاری ہیں جن سے ہزاروں نوجوان ٹریننگ اور سکالرشپ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوان ، کمیونٹی لیڈرز اور چینج میکرز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں اور عالمی اہداف کو مقامی حقیقت میں بدلنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے یہ عزم ظاہر کیا کہ نوجوان ہمارا فخر اور مستقبل ہیں، انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی کیونکہ آج کا نوجوان کل کا لیڈر ہے اور ترقی کا سفر انہی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔