خونی ڈمپردہشت گردی پھیلارہے ہیں،ہمیں بدمعاشی نہ بتائیں،گورنر
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ خونی ڈمپر شہر میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں، سندھ حکومت اس معاملے پر قانون سازی کرے ورنہ کہیں دیر نہ ہوجائے ۔
راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور والد کے زخمی ہونے کا واقعہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری زخمی شہری شاکر کی عیادت اور بچوں کے انتقال کی تعزیت کیلئے نیو کراچی اُن کی رہائش گاہ پر پہنچے ۔گورنر سندھ نے زخمی محمد شاکر کی عیادت کی اور بیٹے ، بیٹی کی اندوہناک موت پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔گورنر سندھ نے زخمی شہری کا علاج نجی اسپتال میں کروانے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ خونی ڈمپرز کراچی میں دہشت گردی کررہے ہیں، جس ڈمپر نے کچلا اسکے ڈرائیور کے پاس لائسنس تک نہیں تھا۔ڈمپر ڈرائیور کو نہیں پتہ کہ اسکے ڈمپر تلے کون کچلا گیا ہے ، کچلا جانے والا شہری کسی بھی قومیت سے ہوسکتا ہے ، یہ افسوسناک واقعات کراچی میں تواتر کے ساتھ ہورہے ہیں، ایسا نہ ہو کہ اللہ نہ کرے اس پریس کانفرنس کے بعد پھر سے حادثہ ہوجائے ۔انہوں نے کہا کہ ایک حادثے کے بعد دوسرے حادثے کا انتظار کیا جارہا ہے اور کوئی اقدامات نہیں ہورہے ۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد معاملے کو لسانیت کا رنگ دیا گیا، جب انسانیت ختم ہوتی ہے تو لسانیت جنم لیتی ہے ، یہ حادثات پٹھان، سندھی یا مہاجروں کا جھگڑا نہیں ہے بلکہ کھلی دہشت گردی ہے ، یہ مقابلہ 2 پہیوں اور 16 پہیوں کا ہے ۔ یہ حادثات امن کا قتل اور دہشت گردی ہیں، میں ٹریلر ایسوسی ایشن کے بھائیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں میرے پاس اور ہم طے کرتے ہیں کہ جو ٹریلر یا ڈمپر کچلے گا اُس کی ذمہ دار ایسوسی ایشن ہوگی۔گورنر سندھ نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے ، جس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ہم اس کے لئے لائحہ عمل طے کریں گے ، چور پولیس کے کام سے فساد شروع ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس شہر میں رہتے ہیں ہم یتیم نہیں ہیں، ہمیں بدمعاشی نہ بتائیں ، ہماری جو غلطیاں تھیں ہم نے خود ٹھیک کیا ہے ، جو ٹھیک کرنے کے لیے کہتے ہیں وہ خود کو ٹھیک کریں ، قبضہ مافیہ کو باہر نکالیں۔گورنر سندھ نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری تقریر یا باتوں کا جواب نہ دیں ، کام کریں ، اپنے لوگوں کو غلط باتیں کرنے سے روکیں۔