علما کی نشاندہی پر انسداد تجاوزات کی کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ

علما کی نشاندہی پر انسداد تجاوزات کی کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے لئے ماہ ربیع الاول ایک مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جس میں نبی کریم ؐاس دنیا میں تشریف لائے اور ہمیں جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکالا اور قرآن مجید کی صورت میں روشد و ہدایت کی وہ روشنی عطا کی جو رہتی دنیا تک ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔

 ربیع الاول کے انتظامات کرنا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لئے سعادت ہے ، بارہ ربیع الاول سے قبل تمام بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے علمائے کرام کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ، یہ کمیٹی ہر تین ماہ بعد مجھ سے ملاقات کرے گی اور مسائل کو باقاعدگی سے حل کیا جائے گا، علمائے کرام کی نشاندہی پر بلدیہ عظمیٰ کراچی باقاعدگی سے انسداد تجاوزات کی کارروائیاں شروع کرے گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 106 سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کو درست کیا جائے اور روشنی کے اخراجات سے متعلق معاملات پر میں کے الیکٹرک سے بات کروں گا، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے ہر یونین کونسل میں مکمل فومیگیشن کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی، واٹر کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، ڈی آئی جی ٹریفک، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، علماء کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ کی حیات طبیہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور انہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کی ہے ۔اجلاس کے دوران علماء کرام نے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور مختلف مسائل کے فوری حل پر زور دیا، بیشتر مسائل کا تعلق صفائی ستھرائی کی صورتحال، سڑکوں کی مرمت، تجاوازت کے خاتمے ، سیوریج لائنوں کے رساؤ، سیکورٹی اور کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی لوڈشیڈنگ سے تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں