این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو جائز حصہ دینے کامطالبہ
کراچی (این این آئی)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو اپنا جائز حصہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظالمانہ نظام وکرپٹ قیادت سے نجات اوراسلام کے عادلانہ نظام کے۔۔۔
نفاذ میں ہی ملک وقوم کے مسائل کا حل مضمرہے ،این ایف سی ایوارڈ سے لیکرپانی کی غیرمنصفانہ تقسیم سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔عدل وانصاف کے نظام کے بغیرکوئی ملک ومعاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔حکومتی نااہلی وغفلت کی وجہ سے تھوڑی سی بارش میں ملک کا سب سے بڑاشہرکراچی ڈوب گیا،پوراسندھ موئن جو دڑوکا منظرپیش کر رہا ہے ۔سندھ میں ڈاکوراج نے عوام کی زندگی اجیرن بناکررکھ دی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں پہلے ہی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے اب کرپشن میں ملوث صوبائی وزراء کو یونیورسٹیوں کے پرو چانسلرز مقرر کیا گیا ہے جس میں نہ صرف تعلیم کی صورتحال ابتر ہوگی بلکہ میرٹ کا قتل اورسیاسی مداخلت بڑھے گی۔ جماعت اسلامی اقمت دین کی ایک عالمگیر تحریک ہے جوکہ اصلاح معاشرہ اورملک میں قرآن وسنت کے نفاذ کے لیے کوشان ہے ،اقتدارمیں نہ ہونے کے باوجود ہرمشکل گھڑی میں الخدمت کے رضاکار عوام کے پاس مدد کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔اجتماع سے صوبائی ڈپٹی سکریٹریز عبدالقدوس احمدانی، الطاف احمد ملاح، سیدعلی مردان شاہ گیلانی، عبدالکریم بلیدی و دیگر نے خطاب کیا۔