پانی کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گلشن حدید میں فراہمی آب کی دو نئی لائنوں کے جاری کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، منتخب چیئرمین اور دیگر بلدیاتی عہدیدار بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مِل انتظامیہ کی مسلسل غفلت کے باعث گلشن حدید کے عوام پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہے ، چند افراد کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بھی مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم بلدیاتی قیادت اب اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ کراچی کی قیادت کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے اور پانی کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہے ، آئندہ دنوں میں مزید علاقوں میں بھی پانی کی نئی لائنوں کا کام شروع کیا جائے گا تاکہ پانی کی کمی کے مسئلے کو دور کیا جا سکے ،انہوں نے واٹر کارپوریشن کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ گلشن حدید کی نئی لائنوں کا کام دو ہفتوں کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے ، میئر کراچی نے کہا کہ گلشن حدید سمیت پورے شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے ، پانی، صفائی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔