پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے ،ذوالفقار شاہ

 پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے ،ذوالفقار شاہ

تھرپارکر (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ترین ملک ہے ۔ وہ تھرپارکر کے شہر مٹھی میں ہندو برادری کے روحانی پیشوا دادا ہرداس بھگت صاحب کے سالانہ میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

میلے کا افتتاح صوبائی وزیر کے ساتھ ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی اور ایم پی اے فقیر شیر محمد بلالانی نے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لیاقت علی لنڈ، جنرل سیکریٹری پیپلزپارٹی تھرپارکر سشیل کمار ملانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور کہا کہ یہ میلہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی بہترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے زائرین یہاں پہنچے ہیں جبکہ پڑوسی ملک سے آنے والے عقیدت مند اس بار ویزا نہ ملنے کے باعث شرکت نہیں کر سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس میلے میں ہندو برادری کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی شریک ہوتے ہیں، جو پاکستان کی روایتی مذہبی رواداری کی جھلک ہے ۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ مودی کی آر ایس ایس سوچ نے بھارت میں اقلیتوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجا طور پر مودی کو \"گجرات کا قسائی\"اور \"بھارت کا قسائی\"قرار دیا ہے ۔ سندھ صوفیوں اور بزرگوں کی سرزمین ہے جہاں ہندو اور مسلمان ایک دوسرے کے مذہبی تہوار مل جل کر مناتے ہیں۔ اس موقع پر بھگت ماتو رام نے صوبائی وزیر کو شیلڈ، اجرک اور ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں