ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں ڈگری پروگرام کا فیصلہ

ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں ڈگری پروگرام کا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے ’’ایوی ایشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ‘‘ میں چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پروگرام انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت شروع کیا جائیگا۔۔۔

اور تعلیمی سال 2026 کیلئے پروگرام میں داخلوں کا اعلان کراچی یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے ساتھ ہی کردیا جائیگا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں سال 2026 کے داخلوں کی پالیسی کی منظوری کیلئے اکیڈمک کونسل کا اجلاس جمعرات (آج)کی دوپہر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت ہوگا۔ داخلہ کمیٹی کی تجویز کے تحت انٹر نتائج کے جلد اجراء کے سبب اس بار داخلے ایک ماہ قبل شروع ہونے ہیں ۔علاوہ ازیں جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ایوی ایشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کا پروگرام گزشتہ برس ہی اکیڈمک کونسل سے منظور ہوچکا ہے لیکن تاخیر سے منظوری کے سبب گزشتہ برس اس میں داخلے نہیں ہوسکے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ داخلے مارننگ اور ایوننگ پروگرام میں 50/50 نشستوں پر دیے جانے کی تجویز ہے جو داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونگے اور انٹر پری انجینئرنگ سے کرنے والے طلبہ پروگرام میں داخلہ درخواست دینے کے اہل ہونگے ۔ ڈاکٹر جاوید کا کہنا تھا کہ پروگرام میں ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کیساتھ مینجمنٹ کے کورسز بھی شامل کیے گئے ہیں اور یہ کورسز ایوی ایشن اور ایئر لائنز کی مارکیٹ ڈیمانڈ کو سامنے رکھتے ہوئے شامل کیے گئے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں