شجرکاری مہم تیز، چک جھمرہ روڈ پر 20ہزار پودے لگائے گئے

شجرکاری مہم تیز، چک جھمرہ روڈ پر 20ہزار پودے لگائے گئے

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سکول کے طلبہ کے ہمراہ پودا لگا یا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی تحریک پر چک جھمرہ روڈ کراڑی پھاٹک کے مقام پر شجرکاری مہم کے تحت 20 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ ایام میں مزید 19 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سکول کے طلبہ کے ہمراہ پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ اور ماحولیاتی توازن کے لیے شجرکاری نہایت اہم ہے ۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ درخت نہ صرف آلودگی کم کرتے ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند ماحول کی ضمانت بھی ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین وٹو، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔سکول کے بچوں نے بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور پودے لگا کر ماحول دوست سرگرمی کا عملی مظاہرہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لگائے گئے پودوں کی باقاعدہ نگہداشت اور حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ شجرکاری مہم کے ثمرات دیرپا اور مؤثر ثابت ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں