تجاوزات کیخلاف کارروائیاں تیز ، امن و امان بہتر بنانے کا حکم
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بھی ہدایات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پاک آرمی کے افسر میجر فیصل نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ محکمہ تحفظ ماحول، سول ڈیفنس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے )، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسربھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے افسروں نے اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں بین الادارہ جاتی ہم آہنگی، امن و امان، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور ماحولیاتی بہتری کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔
انہوں نے سول ڈیفنس کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے ، محکمہ ماحولیات کو آلودگی کے خاتمے اور شجرکاری مہم تیز کرنے جبکہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں آر ٹی اے کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے جبکہ پولیس کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور گشت میں اضافہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔مزید برآں شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم کو فعال بنانے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں معرکہ حق کے حوالے سے 6 مئی سے 10 مئی تک فیصل آباد میں مختلف ثقافتی اور یادگاری تقریبات کے شیڈول کا بھی جائزہ لیا گیا۔