لالوانی قتل:سرکار نے ملزم کا رشتے دار وکیل مقرر کردیا
مدعی نے دعوتوں میں سردار شاہ کی شرکت کے ثبوت عدالت پیش کردیئےہائیکورٹ سکھر بنچ کا نوٹس، غیرمتنازعہ وکیل کو پیش ہو نے کا حکم دے دیا
سکھر(بیورو رپورٹ)صدارتی ایوارڈ یافتہ صحافی اجے لالوانی قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سرکار نے ملزم کا رشتے دار وکیل مقرر کردیا، تاہم عدالت نے غیر متنازع وکیل مقرر کرنے کا حکم دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں ملزم اکبر منگریو کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت میں مدعی دلیپ کمار اور ان کے وکیل ایڈوکیٹ زبیر احمد راجپوت پیش ہوئے ملزم کی ضمانت پر سرکار کی طرف سے دلائل دینے کے لئے سید سردار شاہ کے پیش ہونے پر مدعی نے اعتراض اٹھا دیا، اور کہا سرکاری وکیل سردار شاہ کا ملزمان کے ساتھ گہرا تعلق ہے ، انہوں نے دعوتوں میں شرکت کے ثبوت عدالت میں پیش کئے ، عدالت نے سرکاری وکیل سردار شاہ کو کیس سے الگ ہونے اور دوسرے غیرمتنازع وکیل کو پیش ہو نے کا حکم دے دیا عدالت نے کہا کہ جب سرکاری وکیل کی ملزمان کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئیں تو اسے کیس میں کیسے کھڑا کیا گیا،مدعی دلیپ کمار نے عدالت کو بتایا کہ سرکاری وکیل اجے لالوانی قتل کیس کے دیگر ملزمان کا رشتہ دار ہونے کے ساتھ ان کی ذاتی دعوتوں میں بھی شریک ہوتا ہے ، عدالت نے اعتراضات کے بعد سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی، واضح رہے کہ صحافی اجے لالوانی کو ساڑھے چار سال قبل صالح پٹ میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔