اوپن ڈور پالیسی ، شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت
مسائل کے حل میں سنجیدگی دکھائیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں:کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز کے احکامات پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سننے کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے دفتر سے باہر آکر شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کے افسروں کو موقع پر ہی ان کے فوری حل کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈویژنل و ضلعی افسروں کو تاکید کی کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں سنجیدگی دکھائی جائے اور درخواست گزاروں کو بار بار دفاتر کے چکر نہ لگا نے پڑیں۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سن کر ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور سائل کو محکمانہ کارروائی سے مکمل طور پر مطمئن کیا جائے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اوپن ڈور پالیسی پر بلاتعطل عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔