سندھ حکومت اور عمان پائیدار تعلقات بنانے پر متفق

سندھ حکومت اور عمان پائیدار تعلقات بنانے پر متفق

وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار سے سلطنتِ عمان کے قونصل جنرل کی ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار سے سلطنتِ عمان کے قونصل جنرل سمیع عبداللہ سلیم الخنجاری نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ محمد اقبال میمن بھی موجود تھے ۔ملاقات میں سندھ حکومت اور عمانی قونصلیٹ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید پائیدار اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔فریقین نے ملکی سلامتی، باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔وزیرِ داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے عمانی قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عمانی سرمایہ کاری منصوبوں کا بھرپور خیرمقدم کرتی ہے ۔ ہم عمانی کاروباری برادری کو صوبے میں ایک محفوظ،مستحکم اور شفاف کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔قونصل جنرل عمان نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کے ساتھ اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ عمان حکومت صوبائی حکام کے ساتھ مل کر نئی راہیں تلاش کرے گی۔سلطانِ عمان کی جانب سے سندھ کے ساتھ دیرپا شراکت داری کا پیغام دیتا ہوں اور ہم باہمی تعاون کے نئے مواقع کے خواہاں ہیں۔ملاقات میں داخلی سکیورٹی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ اور قونصلر خدمات کے فروغ کے پہلوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں