لاڑکانہ :حکومت نے 5گرلز کالجوں کو نئی بسیں فراہم کردیں
چیئرمین ضلع کونسل نے چابیاں نوڈیرو، رتو ڈیرو اور دیگر کی پرنسپلز کے حوالے کیںبسیں طلبہ و طالبات کو گھروں سے تعلیمی اداروں تک پہنچائیں گی، اعجاز احمد لغاری
لاڑکانہ، نوڈیرو (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی ہدایت پر سندھ حکومت نے ضلع لاڑکانہ کے 5 گرلز کالجز کو نئی بسیں فراہم کر دیں۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر اور ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین اعجاز احمد لغاری نے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اور لاڑکانہ چیمبر آف کامرس کے صدر خیر محمد شیخ کے ہمراہ سندھ حکومت کی جانب سے نوڈیرو گرلز کالج، رتو ڈیرو گرلز کالج، باڈھ گرلز کالج، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کالج آف ایجوکیشن لاڑکانہ (بی ایڈ)اور گورنمنٹ آرٹس اینڈ کامرس کالج لاڑکانہ کی پرنسپلز کو 5 نئی بسوں کی چابیاں حوالے کیں۔تقریب میں میئر انور علی لہر، ڈائریکٹر ریجنل کالجز لاڑکانہ پروفیسر الطاف حسین ابڑو، پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے نائب صدر سردار آغا علی نواز خان جلبانی و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز لغاری نے کہا کہ بلاول بھٹو، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی کاوشوں سے نئی بسیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ و طالبات قریبی کالجز میں تعلیم حاصل کرسکیں اور انہیں سفری سہولت میسر ہو۔ نئی بسیں ملنے سے طلبہ و طالبات کے داخلوں میں اضافہ ہوگا، یہ بسیں طلبہ و طالبات کو ان کے گھروں کے دروازے سے اٹھا کر تعلیمی اداروں تک پہنچائیں گی تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔