عالمی ثقافتی میلے کی سرگرمیاں عروج پرپہنچ گئیں

عالمی ثقافتی میلے کی سرگرمیاں عروج پرپہنچ گئیں

فلسطین میں شہید ہونیوالے صحافیوں سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی ڈانس پرفارمنس آرٹس کونسل مثالی معاشرے کا مظہر بنا ہوا ہے ، صدر محمد احمد شاہ کی گفتگو

کراچی(این این آئی)آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 39روزہ ‘‘ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025’’ فیسٹیول کے 16ویں روز کویت کی لاپاڈانس کمپنی کی جانب سے فلسطین میں شہید ہونے والے صحافیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بہترین ڈانس پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا۔ کمپنی کی چیف کوریوگرافر ڈاکٹر ٹیناتھیں ۔ فنکاروں نے ڈانس پرفارمنس کے ذریعے غزہ میں صحافیوں کے قتل کے سنگین جرم کو نمایاں کیا جہاں 200سے زائد فلسطینی صحافیوں کو سچ سامنے لانے پر شہید کیا گیا، کہانی جدو جہد ، نا انصافی ، اور جنگ کے ہولناک موضوعات کو گہرائی سے چھوتی ہے ۔فنکاروں نے مظالم کے خلاف ایک بہترین ڈانس پرفارمنس بطور احتجاج پیش کی ، جس پر ہال میں بیٹھے شائقین نے انہیں خوب تالیاں بجاکر خراجِ تحسین پیش کیا۔ فیسٹیول کے 16ویں روز کا آغاز ایرانی مصوررضا فردوسی فردکی جانب سے فائن آرٹ ورکشاپ سے ہوا جس میں انہوں نے خطاطی کے بنیادی اصول پر خصوصی لیکچر بھی دیا۔ فلم اسکریننگ میں ہدایت کار نبیل قریشی کی پاکستانی فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ پیش کی گئی جس کی مصنفہ فضا علی مرزا ہیں۔ فلمی نشست میں ڈائریکٹر نبیل قریشی اور مصنفہ فضا مرزا نے شرکت کی۔ یو اے ای کی جانب سے ہدایت کار احمد یوسف یعقوب کا فی البدیع تھیٹر پلے ‘‘Back to School’’ پیش کیاگیا جس میں پولینا (آسٹریلیا)، رَیم (لبنان)، وھبی محمد (لبنان) اور میگڈالینا (پولینڈ) کے فنکاروں نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔فیسٹیول کے 16ویں روز کا اختتام ‘‘میگا میوزیکل کانسرٹ 2.0 پر کیاگیا جس میں کینا کی گلوکارہ لیبوئی، ڈیانا (ارجنٹینا)،مصطفی بلوچ ،جیمبروز ، (پاکستان) اور فیوژن بینڈ میں عمران مومینہ اور دیگرنے پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے ۔ میوزیکل کانسرٹ میں ملکی و بین الاقوامی فنکاروں کی پر فارمنس پر شائقین جھومتے رہے جبکہ ایرانی ثقافتی موسیقی کو شائقین نے دل کھول کر داد ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں