بجلی کا بریک ڈاؤن پانی کی لائن پھٹ گئی ،سپلائی متاثر

بجلی  کا  بریک  ڈاؤن  پانی  کی  لائن  پھٹ  گئی ،سپلائی  متاثر

بریک ڈاؤن دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے سیکنڈ فیز میں صبح6 بج کر 35 منٹ پر رپورٹ ہوا جس کے باعث چار پمپس بند ہوگئے تھےتقریباً 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ،سی ای اوواٹرکارپوریشن کی ہدایت پرمرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی لائن نمبر 5 دھماکے سے پھٹ گئی۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آج صبح دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کا ایک اور بڑا بریک ڈاؤن پیش آیا۔ یہ بریک ڈاؤن دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے سیکنڈ فیز میں صبح 6 بج کر 35 منٹ پر رپورٹ ہوا۔ ترجمان کے مطابق بجلی کے اس اچانک تعطل کے باعث 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 متاثر ہوئی جبکہ سیکنڈ فیز کے چار پمپس بند ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔ ترجمان نے بتایا کہ سیکنڈ فیز کی بجلی صبح 9 بجے بحال کردی گئی جس کے بعد دو پمپس کو فعال کرکے شہر کو پانی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے جبکہ متاثرہ لائن کی مرمت مکمل ہوتے ہی مزید دو پمپس بھی فعال کر دیے جائیں گے ۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق پمپس کے بند ہونے اور لائن کے متاثر ہونے سے شہر کو تقریباً 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ دوسری جانب سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر متاثرہ لائن کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے ۔ واٹر کارپوریشن کی تکنیکی ٹیمیں تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ لائن سے پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مرمتی کام پیر کے روز تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا پورا نظام دوبارہ معمول کے مطابق فعال ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 5 نومبر، 11 نومبر اور 13 نومبر کو بھی کے الیکٹرک کی جانب سے فورتھ فیز، سیکنڈ فیر اور کے تھری پمپ ہاؤس میں کیبل فالٹ کے باعث کئی گھنٹوں تک بجلی معطل رہی تھی، جس کے نتیجے میں شہر کو پانی کی فراہمی کے نظام میں شدید بحران کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مزید برآں ترجمان کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر متبادل ذرائع سے بجلی کی فراہمی جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں