لاہور کے تاجر سے رقم لوٹنے والا ڈاکو مقابلے میں ہلاک
حیدر آباد میں خواجہ عبداللہ یاسر سے ملزمان نے 20 لاکھ روپے لوٹےسکھر میں مقابلے کیخلاف احتجاج، سجاول میں زخمی منشیات فروش گرفتار
حیدر آباد، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان) حیدر آباد پولیس نے مقابلے میں لاہور کے تاجر سے رقم لوٹنے والا ڈاکو مار دیا، جبکہ سکھر میں مقابلے کیخلاف سید برادری نے احتجاج کیا، ادھر سجاول میں مقابلے کے دوران زخمی منشیات فروش گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآبا دپولیس نے لاہور کے تاجر سے رقم لوٹنے والے ڈاکو کو مبینہ مقابلے کے بعد ہلاک کردیا، اس کا دوسرا ساتھی فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔مارکیٹ تھانے کی حدود سے نامعلوم ڈاکوؤں نے لاہور کے جوتوں کے تاجر خواجہ عبداﷲ یاسر سے 20لاکھ روپے اور ضروری کاغذات لوٹ لئے تھے ، پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس پر موٹر سائیکل سوار مبینہ ڈاکو ؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو نصیب اﷲ بخت شیریں ہلاک ہوگیا، اس کا دوسرا ساتھی نصیب اﷲ فرار ہو گیا۔
ادھر سکھر کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر سید برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے گزشتہ رو ز مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے سید سلطان شاہ اور حبدار شاہ کے مبینہ قتل کے خلاف گلوبل چوک لب مہران پر مظاہرہ کیا اور سکھر پولیس سمیت قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے نعرے بازی کی ، مظاہرین کے مطابق پولیس نے ہمارے عزیز سید سلطان شاہ اور انکے بیٹے حبدار شاہ کوذاتی جھگڑے کی بنائپر مخالف پارٹی سے رشوت لیکرجھوٹے مقابلے میں قتل کیا ہے ۔ دریں اثنا سجاول پولیس کی کارروائی میں ایک منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ پولیس کے ترجماں کے مطابق گزشتہ رات مخفی اطلاع پر مصری شاہ قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے آئس اور چرس کے ڈیلر اصغر ماچھی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ انکا بھائی ملزم اکبر ماچھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔