ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے ،ثروت اعجاز
سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی غلط فہمیاں ملک دشمن بیانیے کو تقویت دیتی ہیں ملک دشمن عناصر کی ہرسازش کو ناکام بنایا جائے گا،چیئرمین سنی تحریک
کراچی (این این آئی)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہپاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں،دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ پاکستان کا دفاع صرف مسلح افواج کا نہیں بلکہ پوری قوم کا معاملہ ہے ،عوام اور ادارے ایک پیج پر ہوں تو کوئی طاقت ملکی سلامتی کو چیلنج نہیں کر سکتی۔پاکستان کی بہادر افواج مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار اور مستعد ہیں۔ قوم کو اپنے عسکری اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جذب قربانی اور عزمِ صمیم پر مکمل اعتماد ہے ۔ ملک دشمن عناصر اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔خطے کی موجودہ صورتحال میں اتحاد، استحکام اور یکجہتی ناگزیر ہے ۔پاکستان سنی تحریک ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک و قوم کے خلاف کسی بھی جارحیت یا سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے ، اس کی دفاعی صلاحیتیں دنیا میں مستند اور مضبوط تصور کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی غلط فہمیاں ملک دشمن بیانیے کو تقویت دیتی ہیں، عوام ایسے جھوٹے پراپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے ملکی استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ پاکستان سنی تحریک کا ہر کارکن وطن کی سلامتی اور امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، مضبوط دفاع، باہمی اتحاد اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہی قوموں کو طاقت بخشتا ہے ۔