ریٹائرڈ اسٹیشن ماسٹر کا بیٹا ٹرین کی چھت سے گر جاں بحق
محراب پور کے قریب واقعہ، مظہر شاہ ٹرین کی چھت پر چڑھتے ہوئے گراچھت گرنے سے بچہ جاں بحق، نصیر آبادکے قریب حادثے میں ایک ہلاک
محراب پور، نصیر آباد(نمائندگان دنیا)محراب پور میں ریٹائرڈ اسٹیشن ماسٹر کا بیٹا ٹرین کی چھت سے گر جاں بحق ہوگیا، جبکہ چھت گرنے سے 7 سالہ بچہ چل بسا، نصیرآباد کے قریب حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ محراب پور ریلوے پولیس ذرائع کے مطابق 11 اپ ہزارہ ایکسپریس کی چھت سے گر کر مظہر شاہ ولد ریاض شاہ جاں بحق ہوگیا، جاں بحق نوجوان ڈپیارجہ کا رہائشی اور ریٹائرڈ اسٹیشن ماسٹر ریاض شاہ کا بیٹا تھا، لاش ورثاء حوالے کر دی گئی۔ ادھر گاؤں سومر خاص خیلی بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 7 سالہ بچہ محبت خاص خیلی ولد مجاہد خاص خیلی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ۔ دریں اثنا نصیر آباد میں انڈس ہائی وے میہڑ روڈ پر چنجنی موڑ کے قریب تیز رفتار مزدا گاڑی بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 45 سالہ عبدالغفار ولد محمد علی بھنڈ رہائشی گاؤں خیرو جتوئی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش قبضے میں لے کر رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کی، پولیس نے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ ڈرائیور فرار ہو گیا۔