سندھ ہائیکورٹ: چڑیا گھر،سفاری پارک کے ٹینڈرزروک دیے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں انٹری اور پارکنگ فیس کے ٹھیکے کے معاملے میں حکم امتناع جاری کرتے ہوئے کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور لانڈھی چڑیا گھر کے ٹینڈرز پر عمل روک دیا۔
درخواست میں کانٹریکٹر کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی نے 2020 اور 2021 میں تین اخبارات میں ٹینڈر جاری کیے ، جن میں سفاری پارک اور چڑیا گھر کی پارکنگ اور خوبصورتی کے منصوبوں کا ذکر شامل تھا تاہم آن لائن جاری فارم میں غلط طور پر کراچی زو کی انٹری اور پارکنگ فیس کو الگ آئٹم بنایا گیا، جو اصل ٹینڈر کے مطابق خوبصورتی کے منصوبے میں شامل نہیں تھا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹھیکے کی مدت ایک سال ہونی چاہیے تھی مگر اسے تین سال کر دیا گیا جو نیلامی رولز 2016 کے خلاف ہے ۔ ان کے مطابق یہ اقدام بدنیتی پر مبنی اور من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کی کوشش ہے ، جس سے شفافیت کا عمل متاثر ہوا۔ عدالت نے فریقین اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔