پاکستان کی پہلی میڈیکل ویب سیریز کاپریمیئر
ویب سیریز ایس آئی یو ٹی کے مریضوں کی اصل کہانیوں پر مبنی ہےسائنس جامد نہیں بلکہ متحرک ہے ،ڈاکٹر ادیب رضوی ودیگر کا خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یوٹی)نے پاکستان کی پہلی ہیلتھ کیئر پر مبنی ویب سیریز Precision\\\" \\\"Meets Purpose کا شاندار پریمیئر کراچی میں کیا۔ یہ منفرد اور پر اثر سیریز حقیقی مریضوں کے سفر کو اجا گر کرتی ہے ۔ وہ افراد جو ایس آئی یوٹی میں انتہائی پیچیدہ اور خطر ناک بیماریوں کے ساتھ پہنچتے ہیں اور جدید روبوٹک سرجریز کے ذریعے اپنی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لاتے ہیں۔یہ ویب سیریز نہ صرف مریضوں کی اصل کہانیوں پر مبنی ہے بلکہ یہ ملک بھر میں صحت کے مساوی سہولیات کے بارے میں ایک اہم قومی مکالمہ کو بھی جنم دیتی ہے ۔ ایس آئی یوٹی کے بانی و ڈائریکٹر ڈاکٹر ادیب رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سائنس جامد نہیں بلکہ متحرک ہے ، اس لیے ایس آئی یوٹی کو ہمیشہ نئی سمتوں اور نئی ٹیکنالوجیز پر نظر رکھنی ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر عرفان رضوی چیئر مین ڈپارٹمنٹ آف سرجری، ورجینیا ہاسپٹل سینٹر اور اس سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر نے کہا کہ ایسی ٹیکنالوجی استعمال میں لانی چاہیے جو مریضوں کے علاج میں معاون ثابت ہو اور بہتر نتائج دے سکے ۔ ایس آئی یوٹی کے سربراہ برائے روبوٹک سرجری ڈاکٹر ریحان محسن نے بتایا کہ ایس آئی یوٹی پاکستان میں روبوٹک سرجری کا علمبر دار ہے اور اب تک 4,000 سے زائد روبوٹک آپریشن مختلف شعبوں میں انجام دے چکا ہے ۔ پریمیئر کے بعد یہ ویب سیریز معتبر اوٹی ٹی پلیٹ فارمز اور بڑے تفریحی چینلز پر دستیاب ہوگی۔