کندھکوٹ:جنونی شخص نے خواتین، بچے سمیت 4 افراد قتل کردئیے

کندھکوٹ:جنونی شخص نے خواتین، بچے سمیت 4 افراد قتل کردئیے

جتوئی بھنگوار نے چچا کے گھر میں گھس کر کلاشنکوف سے گولیاں ماریں، ایک شخص زخمی ہوا محراب پور سے غلام حسین ، میرپورخاص انس او رٹنڈو آدم سے تاجر عمران کی لاشیں ملیں

کندھ کوٹ ، محراب پور، میرپورخاص (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) کندھکوٹ کے کچے میں جنونی شخص نے گولیاں مار کر 2 خواتین، معصوم بچے سمیت 4 افراد کو قتل کردیا،جبکہ محراب پور، میرپورخاص انس اور سانگھڑ سے لاشیں ملیں۔ کندھ کوٹ کے قریب کچے کے علاقے میں گاؤں گلاب بھنگوار میں اپنے چچا کے گھر آنے والے جتوئی بھنگوار نے کلاشنکوف سے گولیاں مار کر رشتہ دار رحیم بخش بھنگوار، معصوم بچے علی گل اور 2 خواتین ضمیراں خاتون، توڈی خاتون کو قتل، حیوت عرف ڈاڈو بھنگوار کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع کے باوجود علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی۔ مقامی افراد نے لاشوں اور زخمی کو اسپتال پہنچایا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ محراب پور سدھوجا تھانے کی حدود قومی شاہراہ سے گاؤں مظہر خاص خیلی کے رہائشی نوجوان غلام حسین ولد جمن خاص خیلی کی مسخ شدہ لاش ملی۔ ورثاکے مطابق نوجوان ایک روز قبل میلے میں گیا تھا اور بدھ کو اس کی مسخ شدہ لاش ملی ،جسے تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ میرپورخاص تعلقہ تھانے کی حدود میں 5 دسمبر کو جمراؤ کینال میں ڈوبنے والے 11 سالہ انس قریشی کی لاش سنی موری گاؤں حاجی غلام قادر مری بلوچ کے پاس جمڑاؤ کینال سے برآمد کر لی گئی۔ سانگھڑ کے تعلقہ ٹنڈو آدم میں 30 سالہ نوجوان تاجر عمران علی کی فیکٹری کے اندر سے گولی لگی لاش ملی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں