رورل ہیلتھ سینٹر سمن گوٹھ کی عمارت مکمل،افتتاح نہ ہوسکا

رورل ہیلتھ سینٹر سمن گوٹھ کی عمارت مکمل،افتتاح نہ ہوسکا

تعلقہ شجاع آباد اور اردگرد کی غریب آبادی بنیادی طبی سہولت سے محروم انتظامیہ فوری سینٹر کا افتتاح ، عملہ، طبی سامان فراہم کرے ، مکینوں کا مطالبہ

میرپور خاص (بیورورپورٹ)سمن گوٹھ میں رورل ہیلتھ سینٹر کی عمارت 90 فیصد مکمل، مگر تاحال افتتاح نہ ہونے سے انتہائی غریب آبادی بنیادی طبی سہولت سے محروم ہے ۔ سمن گوٹھ، تعلقہ شجاع آباد یوسی تاجو خاصخیلی، گوٹھ فضل پٹھان واڈ نمبر 3 میں قائم سول اسپتال رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) کی عمارت 90 فیصد تعمیر ہو چکی ہے ، مگر بدقسمتی سے اب تک اسپتال کا باضابطہ آغاز نہیں کیا جا سکا ہے ۔ عمارت تقریباً مکمل ہونے کے باوجود طبی خدمات شروع نہ ہونے پر علاقے کے انتہائی غریب اور پسماندہ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق اسپتال کی عمارت مکمل ہونے کے باوجود عملے کی تعیناتی، سامان کی فراہمی اور اسپتال کے بروقت افتتاح میں تاخیر انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بنیادی صحت کے مراکز دور دراز علاقوں میں واقع ہیں، جس کے باعث مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں گھنٹوں کا سفر طے کرنا پڑتا ہے ، جو نہایت تکلیف دہ عمل ہے ۔ حکومت کی جانب سے صحت کی سہولیات فراہم تو کی گئی ہیں، لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث یہ سہولت عملی طور پر عوام تک پہنچ نہیں پا رہی۔ انتظامیہ کے اس طرز عمل سے محسوس ہوتا ہے عوام کو سہولت فراہم کرنا ان کی ترجیح ہی نہیں رہی۔ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر کا افتتاح ، عملہ اور ضروری طبی سامان فراہم کیا جائے تاکہ سمن گوٹھ، تعلقہ شجاع آباد اور اردگرد کی غریب آبادی کو فوری ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں