واپڈا نجکاری کیخلاف،مطالبات منظوری کیلئے مختلف شہروں میں مظاہرے

واپڈا نجکاری کیخلاف،مطالبات منظوری کیلئے مختلف شہروں میں مظاہرے

لاڑکانہ میں جناح باغ چوک پر دھرنا، میرپورخاص میں واپڈا آفس تا پریس کلب ریلی فیصلہ مزدور دشمن اور معاشی قتل ،نجکاری نہیں ہونے دینگے ، یونین رہنماؤں کا خطاب

لاڑکانہ، میرپورخاص (بیورورپورٹ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی ہدایت پر تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف اور مطالبات کی منظوری کے لئے لاڑکانہ اور میرپورخاص سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے ۔ مقررین نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، ناقص منصوبہ بندیوں اور کرپشن کے باعث ملکی اداروں کی نجکاری کے مزدور دشمن فیصلے جاری ہیں، جن کی بھینٹ اب بجلی کی تقسیم کار پاور کمپنیز کو چڑھایا جا رہا ہے ۔ لاڑکانہ میں نجکاری عمل کے خلاف ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین نثار شیخ کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکال کر شہر کے مختلف راستوں کا گشت کرتے ہوئے جناح باغ چوک پر دھرنا دیا گیا۔ سیپکو ریجن کے میڈیا کوآرڈی نیٹر محمود پٹھان کے مطابق ریلی میں یونین عہدیداران عبداﷲ سومرو، اصغر سانگی، ہادی جتوئی سمیت محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے نجکاری کے خلاف نعرے بازی کر کے فیصلے کو مزدور دشمن اور ان کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیا۔ نثار شیخ و دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا پاکستان میں آئی ایم ایف کے ایما پر صرف غریب عوام کو محکوم بنایا جا رہا ہے جس کی ہر سطح پر مذمت اور مزاحمت کریں گے۔ میرپورخاص میں واپڈا آفس سے پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ڈویژن و زون کے بڑی تعداد میں یونین عہدیداران ہاتھوں میں سرخ اور سبز جھنڈے لئے نجکاری کے خلاف نعروں کی گونج میں پریس کلب میرپورخاص پہنچے ۔ زونل چیئرمین شاہد خان قائم خانی،شاہد کاظمی ،سکندر مہر،غلام نبی قریشی،دانش عباسی،غلام رسول عباسی،ذولفقار آرائیں ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ادارے کی نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں