نیب کی ریکارڈ وصولی شفاف احتساب کی اہم مثال ،آباد

نیب کی ریکارڈ وصولی شفاف احتساب کی اہم مثال ،آباد

کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان کے چیئرمین حسن بخشی نے قومی احتساب بیورو کی۔۔ ۔

 کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے گزشتہ 2 سال اور 9ماہ میں مجموعی طور پر 11.4 ٹریلین روپے کی وصولیاں کرکے شفاف احتساب کی ایک اہم مثال قائم کی ہے ۔مختلف ہاؤسنگ اسکیموں کے متاثرین کو 207 ارب روپے کی واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ نیب کی کارروائیاں نہ صرف مؤثر ہیں بلکہ براہِ راست عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں ۔حسن بخشی کے مطابق نیب کی کوششوں سے ہاؤسنگ سیکٹر کے ہزاروں متاثرین کو وہ رقم واپس ملی جس کا حصول برسوں سے ناممکن نظر آ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ خزانے میں واپس آنے والی خطیر رقم ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ کرے گی اور اس اعتماد کی بحالی معیشت کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہے ۔ چیئرمین آباد نے کہا کہ ملک میں حقیقی ترقی تبھی ممکن ہے جب ایماندار شہریوں اور قانونی کاروبار کرنے والوں کو سہولت دی جائے جبکہ لوٹ مار اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کو سخت احتساب کا سامنا کرنا پڑے ۔ان کا کہنا تھا کہ شفاف اور غیر جانبداراحتسابی نظام ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔حسن بخشی نے امید ظاہر کی کہ نیب آئندہ بھی اسی رفتار، غیر جانب داری اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے گا تاکہ ہاؤسنگ سیکٹرسمیت دیگر متاثرین کو بھی انصاف اور مالی ریلیف ملتا رہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں