لاڑکانہ کے اہم علاقوں میں تجاوزات کیخلاف بڑے پیمانے پرآپریشن

لاڑکانہ کے اہم علاقوں میں تجاوزات کیخلاف بڑے پیمانے پرآپریشن

65دکانوں کے شیڈ، 70سے زائد تجاوزات مسمار، ٹریفک رواں ہوگا، اے ڈی سی ٹولعل مشائخ قبرستان سکھر سے تجاوزات ختم نہیں کرائی جا رہیں، سماجی رہنماعبدالقیوم

لاڑکانہ، سکھر (بیورو رپورٹس) لاڑکانہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو محسن رضا دستی کی جانب سے جناح باغ، بندر روڈ، پاکستان چوک اور دیگر اہم علاقوں میں بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، اس دوران مختلف مقامات سے قبضے ختم کرائے گئے ، 65 دکانوں کے شیڈ ہٹائے گئے اور 70 سے زائد غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا، اس موقع پر اے ڈی سی ٹو محسن رضا دستی نے کہا کہ شہر میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں آئندہ دنوں بھی جاری رہیں گی، تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے ۔ دوسری جانب سکھر کے لعل مشائخ قبرستان کی حدبندی اور تجاوزات خاتمے کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیت عبدالقیوم قریشی نے بتایا کہ 28 نومبر 2019 کو معزز اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے کی نقل متعلقہ دفتر میں جمع کروائی گئی، جس میں لعل مشائخ قبرستان کی باقاعدہ حدبندی کروانے اور ممکنہ تجاوزات کے خاتمے سے متعلق واضح ہدایات دی گئی تھیں۔ بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ نے 26 مئی 2021 کو آئینی درخواست نمبر D-99/2020 اور D-1294/2016 میں قبرستانوں کے لیے یکساں نوعیت کے احکامات صادر کیے تھے کہ تمام قبرستانوں سے تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق باقاعدہ حدبندی عمل میں لائی جائے ، انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے باوجود عملی پیشرفت نہ ہونا ناقابلِ فہم ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں