جھڈو:سبزی منڈی میں اونے پونے سبزیاں فروخت، کسانوں کا استحصال
12کلو والے ٹماٹر، لوکی، بینگن ودیگر کے تھیلے 50سے 60روپے میں فروختآبادگار طبقے کو بھاری مالی نقصان ، کاشت پر کئے اخراجات بھی پورے نہیں ہورہے
جھڈو (نمائندہ دنیا)جھڈو کی سبزی منڈی میں فروخت کے لیے لائی جانے والی سبزیاں انتہائی کم قیمت پر نیلام کی جانے لگیں، جس سے آبادگاروں کا استحصال ہونے لگا ہے ، ان دنوں سبزی منڈی میں 12 کلو کی ٹماٹر بینگن، لوکی کی تھیلی 50 سے 60 میں نیلام کی جا رہی ہے ، جو تین سے چار روپے فی کلو کے حساب سے نیلام ہو رہی ہے ، جبکہ پالک گوبھی گاجر مولی ہری مرچ ہرا دھنیا بھی صرف پانچ سے 10 روپے کلو کے حساب سے نیلام ہو رہے ہیں، دیگر سبزیاں بھی اسی تناسب سے بیچی جا رہی ہیں، لیکن بازاروں میں پہنچ کر وہی سبزیاں کئی گنا زیادہ قیمت پر عوام کو فروخت کی جارہی ہیں۔ سروے کے دوران دیکھنے میں آیا کہ سبزی منڈی میں سبزیوں کی نیلامی اور بازاروں میں فروخت میں زمین اور آسمان کا فرق ہے ، مارکیٹ میں توری 300 روپے بھنڈی 200 گوبھی 50 سے 100 گاجر، پالک، پیاز، بینگن 100 ، ٹماٹر 50 سے 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، لاہوری گاجر درجہ اول کا 65 کلو کا بیگ سبزی منڈی میں 1400 روپے میں نیلام ہو رہا ہے ، جبکہ درجہ دوئم کا بیگ 300 سے 400 روپے میں نیلام ہو رہا ہے ، کم قیمت میں نیلامی میں سبزی منڈی کے کمیشن ایجنٹوں کا بڑا کردار ہے ، جو صرف اپنا کمیشن کھرا کرنے کیلئے آبادگار طبقے کو شدید نقصان سے پہنچا رہے ہیں۔ انکے سبزیوں کی کاشت پر کئے گئے اخراجات بھی پورے نہیں ہو رہے۔