محکمہ تعلیم نوشہرو فیروز کی مانیٹرنگ رپورٹ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف
اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں اساتذہ کی حاضری نہایت تشویشناک رہیٹیم کے دورے کے دوران متعدد اسکول بند، رپورٹ متعلقہ حکام کوارسال کردی گئی
محراب پور(نمائندہ دنیا)محکمہ تعلیم نوشہرو فیروز کی تین ماہ کی مانیٹرنگ رپورٹ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ، اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نوشہرو فیروز کی تین ماہ اگست، ستمبر اور اکتوبر 2025 کی مانیٹرنگ رپورٹ میں ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری سے متعلق نہایت تشویشناک صورت حال سامنے آئی ہے ، رپورٹ کے مطابق ٹیم کے دورے کے دوران متعدد اسکول بند پائے گئے ، جبکہ حاضری کا نظام بھی شدید متاثر نظر آیا، چیف مانیٹرنگ آفیسر عبدالوحید کلہوڑو کی ضلعی آفیسر تعلیم کو ارسال کردہ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 1744 غیر حاضری کے واقعات ریکارڈ کئے گئے ، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی غیر حاضری، اسکولوں کا بند ہونا اور تدریسی سرگرمیوں کا معطل ہونا بچوں کی تعلیم کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے ، جس پر فوری اقدامات ناگزیر ہیں ،مانیٹرنگ رپورٹ کی نقول مزید کارروائی کے لئے ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، ڈائریکٹر پرائمری شہید بینظیر آباد، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز، سیکریٹری تعلیم سندھ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرو فیروز کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں ۔