اندرون سندھ:صوبائی وزرا، مشیروں کی مختلف شہروں میں کچہریاں
عوام کے مسائل براہ راست معلوم کرکے ان کے حل کے لئے ممکنہ اقدامات کئےاسماعیل راہو میرپور خاص، دوست راہموں نوشہرو، شاہینہ شیر کی سجاول میں کچہری
میرپور خاص، اندرون سندھ (بیورورپورٹ، نمائندگان)صوبائی وزرا اور مشیروں کی جانب سے سندھ کے کئی شہروں میں کھلی کچہریاں منعقد کرکے عوام کے براہ راست مسائل سنے ، اور ان کے حل کیلئے اقدامات کئے۔ میرپور خاص میں صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد لوگوں کے درپیش مسائل کو سننا اور فوری عملدرآمد کرانا ہے ، لوگوں نے سوئی گیس کم پریشر، حیسکو کے بلا جواز ڈیٹکشن بل، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے جعلی دستاویزات بنانے ،شہر میں منشیات کا کاروبار ،سول ہسپتال میں سٹی اسکین کی عدم دستیابی ،دیہی صحت مراکزغیرفعال ہونے سمیت دیگر مسائل پیش کئے ۔ ادھر نوشہروفیروز میں صوبائی مشیر دوست محمد راہموں نے کھلی کچہری منعقد کی، جہاں شہریوں نے ریونیو، پولیس، صحت، تعلیم، اسپورٹس، فاریسٹ، بلدیات، روڈز اور سیپکو سمیت دیگر محکموں سے متعلق مسائل پیش کیے ۔ لوگوں نے غیر ضروری تاخیر، عملے کی عدم توجہی، بدانتظامی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ دوست محمد راہموں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ، سجاول میں صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے کھلی کچہری منعقد کی، جس میں صحت، تعلیم، روزگار، بنیادی سہولیات، تھیلیسیمیا سینٹر، کالج، یونیورسٹی کیمپس اور منشیات کے خاتمے سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے گئے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل براہِ راست سننا اور انہیں وزیر اعلیٰ سندھ تک پہنچا کر جلد حل کروانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور روٹی، کپڑا اور مکان ہے ۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ روزگار فراہم کرتی رہی ہے ، کسی کو مایوس نہیں کیا۔