حیدر آباد:وفاقی وزیر اویس لغاری کی حیسکو کارکردگی کی تعریف

حیدر آباد:وفاقی وزیر اویس لغاری کی حیسکو کارکردگی کی تعریف

نومبر میں 11.4 فیصد ریکوری زیادہ، لائن لاسز بھی کم کئے ، ٹیم کو مبارکباد

حیدرآباد (پ ر)وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے حیسکو کارکردگی کی تعریف کی ہے ، حیسکوترجمان کے مطابق اسلام آبادمیں ماہانہ کارکردگی معلوم کرنے کے سلسلے میں میٹنگ ہوئی، جس کی صدارت وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمدخان لغاری نے کی، جس میں حیسکو کی ماہ نومبر2025کی کارکردگی تفصیل سے معلوم کی گئی۔ اس موقع پر حیسکوچیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اﷲ ڈاہری نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اور بتایا گزشتہ سال نومبرکے مقابلے میں اس سال ماہ نومبر میں 11.4 فیصد زائد ریکوری کی ہے ، اور لاسز 2.53 فیصد کم کئے ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی سردار احمد خان لغاری نے حیسکو فیض اﷲ ڈاہری اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباددی اور کہا کہ حیسکومیں زیرو لوڈ شیڈنگ کے 25عدد جنرل فیڈروں پربجلی صارفین کو24گھنٹے دینے سے حیسکو کو ریکوری 100 فیصد ہو رہی ہے اور لاسز بھی کم ہورہے ہیں،لہٰذا آپ اس پالیسی کو مزید تیز کردیں تاکہ حیسکو کے مالی خسارے میں واضح کمی آئے ، اور صارفین کا اعتماد بھی بحال ہو۔ DSU (ڈسکوز سپورٹنگ یونٹ)کی مدد سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں اور 100فیصدریکوری کو یقینی بنائیں۔ آپ حیسکو میں جزا اور سزا کی پالیسی پرعمل کریں جو افسروملازم بہتر کام کررہا ہے ، اس کوانعام دیں اورجس کی کارکردگی خراب ہے ، اس کو فارغ کردیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں