سکھر، نوڈیرو میں دھند کا راج، ٹریفک حادثے میں 8 زخمی
نوڈیرو، لاڑکانہ شاہراہ پر دھند کے باعث وین سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرائیگیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی شروع،کوئلہ، لکڑی کی قیمت میں من مانا اضافہ
سکھر ، نوڈیرو (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) سکھر اور گردنواح میں سردی کی شدت اور دھند میں اضافہ، نوڈیرو، لاڑکانہ شاہراہ پر شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں 8 افراد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق سکھر اور گردونواح میں صبح سے سہ پہر تک دھند کا راج رہنے لگا۔ سردی میں اچانک اضافے کے باعث شہر کی مصروف ترین سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر لنڈا بازار اور گرم کپڑوں کی دکانیں بھی سجنا شروع ہوگئی ہیں۔ رات اور صبح کے وقت قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی آمد رفت میں ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، تاہم موٹر وے پولیس کی جانب سے فوگ (دھند ) بڑھ جانے کی وجہ سے ڈرائیوروں کو غیر ضروری سفر کرنے سے قبل ہی محفوظ مقام پر کھڑا کر دیا جاتا ہے ، جبکہ دوسری جانب ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول بھی متاثر ہو رہا ہے ، جس کے باعث ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سردی میں اضافے کے ساتھ ہی سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، جس کے باعث کوئلے اور لکڑیوں کی قیمتوں میں من مانہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نوڈیرو، لاڑکانہ شاہراہ پر گاؤں میتلا کے مقام پر شدید دھند کے باعث مسافر وین سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیوروں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق مسافر وین نوڈیرو سے لاڑکانہ کی جانب جا رہی تھی ،حد نگاہ کم ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کو نوڈیرو اور لاڑکانہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔