ڈھائی سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل کے مالک کو ای چالان موصول
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں شہری کو چوری ہونے والی موٹرسائیکل تو نہ مل سکی تاہم بھاری ای چالان موصول ہوگیا۔ڈھائی سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل کے مالک کو 5 ہزار روپے کا ای چالان ہوا۔
نامعلوم شخص بغیر ہیلمٹ چوری شدہ بائیک پر پنجاب چورنگی سے گزرا۔موٹرسائیکل یکم اپریل 2023 کو ایف بی ایریا بلاک 14 سے چوری ہوئی تھی، متاثرہ شہری نے اسی سال بائیک چوری ہونے کی درخواست دی تھی۔پولیس حکام نے بتایا کہ ای چالان کے بعد موٹرسائیکل چوری کا باقاعدہ مقدمہ تھانہ عزیز آباد میں درج کر لیا، کیس اے وی ایل سی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل یکم نومبر کو بھی ایسا ہی ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔ چار سال قبل چوری ہونے والی موٹرسائیکل کا ای چالان اس کے اصل مالک کے گھر پہنچا دیا گیا تھا۔بائیک کے مالک کا کہنا تھا کہ چار سال قبل ٹیپو سلطان روڈ سے موٹرسائیکل چوری ہوئی تھی، 27 اکتوبر کو ہیلمٹ نہ پہننے پر 5 ہزار روپے کا ای چالان بھیجا گیا۔چوری ہونے کی انٹری بھی ٹیپو سلطان تھانے میں کرائی تھی، مسروقہ بائیک سڑکوں پر رواں دواں ہے لیکن پولیس نے اب تک نہ برآمد کروائی اور نہ ہی اس کیس پر کام کیا۔