ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے غذائی اشیا کی قلت ہونے لگی،صلاح الدین
قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ، سندھ بھر کی انڈسٹریز بند،لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئےحکام ٹرانسپورٹرز کے مسئلے کا فوری نوٹس لیں ، صدر حیدرآباد دال ملز اونرز ایسوسی ایشن
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد دال ملز اونرز ایسوسی ایشن کے صدر صلاح الدین قریشی نے کہاہے کہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جاری ہڑتال کے باعث ترسیل بند ہونے سے ایک جانب اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ اور دوسری طرف غذائی اشیا کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے ، جس کی وجہ سے حیدرآباد اور کراچی سمیت سندھ بھر کی انڈسٹریز خام مال بروقت نہ پہنچنے سے بند ہونا شروع ہوگئی ہیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں انڈسٹریز میں کام کرنے والے لاکھوں مزدوروں کے بے روزگار ہونے سے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ گئی ہے ، حکام کو اس جانب فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیاکہ ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے پیدا ہونے والی صورتحال کو قابو کرنے کی غرض سے ٹرانسپورٹرز سے با مقصد مذاکرات کئے جائیں اور اگر ان کے مطالبات جائز ہیں تو انہیں فی الفور تسلیم کیا جائے ۔ انہوں نے صدرمملکت وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ پنجاب ،بالخصوص فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر سے پر زور اپیل کی کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور دیرپا حل نکال کر ٹرنسپورٹرز کی ہڑتال ختم کرائیں تاکہ سندھ سمیت ملک بھر میں مستقبل میں پیدا ہونے والی ممکنہ غذائی قلت کے مسئلے سے بچا جاسکے ۔