چینی باشندوں اور قونصلیٹ کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کافیصلہ

چینی باشندوں اور قونصلیٹ کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کافیصلہ

غیر ملکی قونصل خانوں اور ان کے اطراف گشت کو مزید بڑھایا جائے گا ،اجلاسچائنیز کے تحفظ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ،ڈی آئی جی جنوبی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چائنیز باشندوں اور غیر ملکی قونصل خانوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ زون کراچی سید اسد رضا کی زیرِ صدارت ڈی آئی جی ساؤتھ آفس میں چائنیز باشندوں اور غیر ملکی قونصل خانوں کی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی کیماڑی، ایس ایس پی ساؤتھ، ایس پی یو سمیت دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ساؤتھ زون میں قائم غیر ملکی قونصل خانوں اور بالخصوص چائنیز باشندوں کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے اجلاس میں موجودہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے غیر ملکی قونصل خانوں کے سیکیورٹی انتظامات کا ازسرِنو سروے کرنے اور انہیں مزید مؤثر اور فول پروف بنانے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر ملکی قونصل خانوں اور ان کے اطراف گشت کو مزید بڑھایا جائے گا جبکہ حساس مقامات پر قائم ناکوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے افسران کو ہدایت کی کہ غیر ملکیوں خصوصاً چائنیز باشندوں کی نقل و حرکت، رہائش اور تحفظ کے لیے مرتب کردہ ایس او پیز پر مکمل اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چائنیز باشندوں کے تحفظ سے متعلق تمام موجودہ انتظامات کا فوری طور پر دوبارہ جائزہ لیا جائے اور کسی بھی ممکنہ خامی یا کمی کو دور کرکے سیکیورٹی کو ہر صورت فول پروف بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں