کتب میلے کاآج آخری روز،شائقین 4لاکھ سے متجاوز

کتب میلے کاآج آخری روز،شائقین 4لاکھ سے متجاوز

کتب بینی کے شوقین افراد کیلئے کتابوں کی خریداری پر بڑے ڈسکاؤنٹ کا اعلانجامعہ الازہر مصر کے اشاعتی ادارے کا اسٹال شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

کراچی (این این آئی)پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونیوالے پانچ روزہ کراچی ورلڈ بک فیئر کا آج بروز پیر آخری دن ہے جبکہ بک سیلرزنے آخری دن کتب بینی کے شوقین افراد کیلئے کتابوں کی خریداری پر بڑے ڈسکاونٹ کا اعلان کر دیا ۔بک فیئر کے چوتھے دن اتوار چھٹی کی وجہ سے تل دھرنے تک کی جگہ نہیں تھی ۔ایکسپو سینٹر طلباء،اساتذہ ،علمی و ادبی شخصیات سے کچا کچ بھرا ہوا تھا ۔صبح 10بجے سے رات9بجے تک بک فیئرمیں ملکی و غیر ملکی پبلشرز، مصنفین، کتاب فروش، اور کتاب دوست بڑی تعداد میں ہر وقت موجود رہے ۔بک فئیر میں تعلیمی، ادبی، مذہبی، سائنسی اور بچوں کی کتابوں سمیت مختلف موضوعات پر ہزاروں کتابیں دستیاب ہیں۔ پاکستان اور بیرونِ ملک سے آنے والے پبلشرز نے اپنے اسٹال لگا رکھے ہیں جہاں ہر عمر کے افراد، طلباء، اساتذہ، ادبی حضرات اور عام قارئین اپنی دلچسپی کی کتابیں دیکھ اور خرید رہے ہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق بک فئیر کے پہلے چاردن ایکسپو سینٹر میں آنیوالے شائقین کتب کی تعداد 4لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔عالمی کتب میلے میں دنیا کی قدیم ترین اور معتبر اسلامی درسگاہ جامعہ الازہر مصر کے اشاعتی ادارے کا اسٹال شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ مسلم کونسل آف ایلڈرز کے پاکستان ریجنل ڈائریکٹر محمد ارشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے اور علم دوست ہیں۔ آئند ہ بھی پاکستان میں بک فیئر کے لیے آئیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں