نجی تعلیمی اداروں کا 9جنوری کو ہڑتال کا اعلان
اسکولوں میں اینٹی کرپشن کارروائیوں کے خلاف عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا مطالبہ مسلح اہلکاروں کا داخل ہونا تعلیمی ماحول کیلئے موزوں نہیں،رہنماؤں کی پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے اینٹی کرپشن کارروائیوں کے خلاف 9 جنوری کو سندھ بھر میں نجی اسکولوں اور کالجوں کی مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے ۔اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے رہنماؤں حیدر علی، شہزاد اختر، طارق شاہ، انور بھٹی، دانش الزمان، ناصر زیدی اور دیگر نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسکولوں میں اینٹی کرپشن کارروائیوں کے خلاف وزیراعلی سندھ سے عدالتی فیصلے پر باوقار عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو درپیش سنگین مسائل پر روشنی ڈالی اور اینٹی کرپشن کی جانب سے اسکولوں میں جاری تصدیقی کارروائیوں پر شدید خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا۔
مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بڑی تعداد میں خواتین اساتذہ اور کم عمر بچے موجود ہوتے ہیں اور اینٹی کرپشن کی تفتیشی کارروائیاں خوف، ذہنی دبا اور اضطراب کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح اہلکاروں کا اسکولوں میں مخصوص انداز میں داخل ہونا تعلیمی ماحول کے لیے ہرگز موزوں نہیں۔ آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری تصدیقی عمل کو روکنے کے لیے معزز عدالت میں نئی درخواست دائر کی جائے گی۔جبکہ 6 سے 8 جنوری تک سندھ کے تمام اضلاع میں والدین اور اسکول انتظامیہ کے مشترکہ احتجاجی اجلاس منعقد کیے جائیں گے ، 8 جنوری کو سندھ بھر میں نجی تعلیمی ادارے یومِ سیاہ منائیں گے ۔