ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث گروہ گرفتار

 ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث گروہ گرفتار

ملزمان چھینے ہوئے موبائل فونز کے پارٹس نکال کر بیچتے اور کار سوار فیملیز کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بناتے تھے ، اسلحہ برآمد پولٹری فارم کے مالک سے ڈکیتی کی واردات میں ملوث مطلوب مرکزی ملزم پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں پکڑا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کیماڑی پاک کالونی پولیس کی کارروائی، ڈکیتی اور لوٹ مار کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث گروہ گرفتار،پانچ رکنی ڈکیت گروہ کو مختلف چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا،ملزمان سے اسلحہ تین پستول، چھیننے ہوئے 9 موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کی،گلبہار اور نیو ٹاؤن سے چھینی ہوئی دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئی،ملزمان کی شناخت لیاقت، شہنشاہ، طالب، راشد اور رحمان کے نام سے ہوئی،ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے اہم انکشافات ہوئے ، ملزمان چھیننے ہوئے موبائل فونز کے پارٹس نکال کر بیچتے تھے ۔ ملزمان کار سوار فیملیز کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بناتے تھے ، ملزمان بلدیہ اور سائٹ کے صنعتی علاقوں میں بھی لوٹ مار کرتے تھے۔

ملزمان پر 11 سے زائد ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، موبائل فون چھیننے اور پولیس پر فائرنگ جیسے سنگین مقدمات درج ہیں،ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مزید ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے پولٹری فارم کے مالک سے ڈکیتی کی واردات میں ملوث مطلوب مرکزی ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیاجبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم پولیس کو پہلے سے مطلوب تھا اور سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے ۔زخمی و گرفتار ملزم کی شناخت رنجیت راجہ کے نام سے ہوئی،ملزم رنجیت اور اس کے ساتھیوں نے کچھ روز قبل تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں پولٹری فارم کے مالک سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کی واردات کی تھی۔واردات میں ملوث 4 ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 54 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کی گئی تھی۔

پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد پسٹل، ایمونیشن، موبائل فونز اور واردات کے دوران لوٹی گئی 15 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کر لی۔ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم رنجیت ڈکیت گینگ کے ساتھ مل کر مختلف اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔گرفتار ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے ۔ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں