واٹر کارپوریشن گلشن اقبال ٹاؤن کا بڑا مسئلہ ، چیئرمین

واٹر کارپوریشن گلشن اقبال ٹاؤن کا بڑا مسئلہ ، چیئرمین

پینے اور سیوریج کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہوکر انہیں تباہ کررہا ہے ،ڈاکٹر فواد بی آر ٹی منصوبے سے مسائل معمول بن چکے ہیں،گل داؤدی کی نمائش

کراچی (این این آئی) گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن گلشن اقبال ٹاؤن کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے ، جہاں پینے اور سیوریج کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہوکر انہیں تباہ کررہا ہے اور گندگی بھی پھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو بھی سڑک تعمیر کرتے ہیں یا پہلے سے موجود سڑکیں ہیں، پانی اور سیوریج کے باعث جلد برباد ہوجاتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت خدیجتہ الکبریٰ پارک، یوسی 2 گلشن اقبال ٹان میں گلِ داؤدی کی نمائش کے دوسرے روز کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی، میونسپل کمشنر جاوید الرحمان کلوڑی اور یوسی وائس چیئرمین آصف عبدالکریم بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے نے گلشن اقبال ٹاؤن کو شدید متاثر کیا ہے کیونکہ پورا ٹاؤن اس منصوبے کی زد میں ہے ، جس کے باعث گردوغبار، مٹی، گندگی اور دیگر مسائل روز کا معمول بن چکے ہیں۔ تاہم محدود وسائل کے باوجود ٹاؤن کے مکینوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، جس کا ایک ذریعہ پارکس کی آبادکاری ہے تاکہ شہری کم از کم پرسکون اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 19 پارکس تعمیر کیے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 38 سے 40 پارکس کو باقاعدہ مینٹین کیا جارہا ہے ، جہاں فیملیز اور بچے آکر وقت گزارتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں