کچرا جلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت
کام معاہدے کے مطابق نہ کرنے پر کمپنیز پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے غیر قانونی کچرا کنڈیوں کافوری خاتمہ یقینی بنایا جائے ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ
کراچی(این این آئی)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی نظر آنی چاہئے سڑکوں کے کنارے صفائی اور جگہ جگہ غیر قانونی کچرا کنڈیوں کافوری خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران اور کمپنیز کے عہدیداران کو ہدایت دی کہ کام ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں جسے کام نہیں کرنا گھر جائے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کام معاہدے کے مطابق نہ کرنے پر کمپنیز پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق کچرا اٹھانے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس طلب کیا گیا۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ کچرااٹھانے والی گاڑیوں،ڈسٹ بن کی مرمت اور کچرے دان چوری ہونے سے بچانے کے لئے حکمت عملی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے مجموعی آپریشن کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔تمام گاڑیاں اور مکینیکل مشینری آن روڈ اور ٹریکر لگی ہونی چاہئے ۔ تمام، کمپنیز خستہ حال کچرے دان کو فوری تبدیل کریں اور جہاں سے کچرے دان چوری ہونے کی شکایات مل رہی ہیں اس مسئلے کے حل کے لئے متعلقہ ضلعی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کرکے حکمت عملی مرتب دیں۔ سڑکوں کے کنارے مٹی کی صفائی کی ہدایت کی گئی۔کچرا جلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ، نوٹس دینے اور غیر قانونی کچرا کنڈیوں کا خاتمہ جلد از جلد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔