محکمہ ثقافت تاریخی نوکوٹ قلعے کی نگرانی کیمروں سے کریگا

محکمہ ثقافت تاریخی نوکوٹ قلعے کی نگرانی کیمروں سے کریگا

فحش ویڈیوز سامنے آنے کے بعد نصب،کراچی سے بھی مانیٹرنگ کی جائیگی

نوکوٹ (نمائندہ دنیا)نوکوٹ کے تاریخی قلعے کی سکیورٹی سخت کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ، قلعے میں فحش ویڈیو کے واقعے کے بعد محکمہ سیاحت و ثقافت سندھ نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کرتے ہوئے قلعے میں ایک درجن سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے ہیں، محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق ان کیمروں کے ذریعے نوکوٹ قلعے میں موجود عملے کی نگرانی کے ساتھ حیدرآباد اور کراچی میں قائم محکمہ سیاحت و ثقافت کے دفاتر سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی، ڈی جی محکمہ سیاحت و ثقافت نے مزید بتایا کہ عنقریب قلعے کے مختلف حصوں میں خبردار! کیمرے کی آنکھ آپ کو دیکھ رہی ہے کے سائن بورڈ بھی آویزاں کیے جائیں گے ، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی پیشگی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نوکوٹ قلعے میں فحش ویڈیو کا واقعہ سامنے آنے پر محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو انتہائی نازیبا قرار دیتے ہوئے اسے سندھ کی ثقافت اور تاریخی اقدار کی بدنامی قرار دیا تھا۔ اس معاملے میں غفلت کے مرتکب تین ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث چھ افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے ۔ دوسری جانب شدید سردی اور غیر موافق موسم کے باوجود نوکوٹ قلعے پر سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے ، جس کے باعث قلعہ دیکھنے آنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں