عمرے پرجانے والے شہری کے گھرچوری کامعمہ حل
گھر سے 60تولہ سونا اور نقدی غائب تھی، مدعی کا ایف آئی آر میں بیانزیر حراست مشکوک شخص کے گھر سے مسروقہ چیزیں برآمد ہو گئیں،پولیس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے عمرے پر جانے والے شہری کے گھر پر چوری کی واردات کا معمہ حل کر لیا ہے ۔ایس پی انعم تجمل کے مطابق ضلع وسطی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے پر جانے والے شہری کے گھر چوری کی واردات کا معمہ حل کیا۔ مدعی نے ایک روز قبل مقدمہ درج کروایا تھا جس میں بتایا گیا کہ وہ عمرے پر گیا تھا جبکہ واپسی پر گھر کے دروازے ٹوٹے ہوئے تھے ۔متاثرہ شہری کے مطابق گھر سے 60 تولہ سونا اور نقدی غائب تھی، مقدمے کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی۔ایس پی انعم تجمل نے بتایا کہ مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا جو پہلے بھی اس گھر میں آتا جاتا رہا تھا، اس سے تفتیش کے دوران گھر سے چوری تمام چیزیں برآمد کر لی گئیں۔واضح رہے کہ 08 جنوری کو محمد علی سوسائٹی میں رواں سال کی اب تک کی سب سے بڑی چوری کی واردات رپورٹ ہوئی جس میں دو گھریلو ملازمائیں 100 تولے سے زائد سونا لوٹ کر فرار ہوگئی تھیں۔چوری شدہ سونے کی مالیت ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ۔ بہادر آباد تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔واردات کرنے والی گھریلو ملازماؤں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کر دی گئی۔ ایک ماسی نے چہرہ کھلا دوسری نے کالے رنگ کا ماسک لگا رکھا تھا، فیملی نے ایک روز قبل ہی ان کو گھر پر کام کیلئے رکھا تھا۔