سکھر:انسداد پولیو مہم میں غفلت برداشت نہیں کرینگے ،ڈپٹی کمشنر

سکھر:انسداد پولیو مہم میں غفلت برداشت نہیں کرینگے ،ڈپٹی کمشنر

یوسیز کی تعداد میں اضافے سے مہم مزید موثر ، ٹارگٹ میں آسانی ہوگی، نادر خان اسسٹنٹ کمشنرز کوتاہی برتنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کریں، اجلاس سے خطاب

سکھر (بیورو رپورٹ) ضلع پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (ڈی پی ای سی) کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں فروری میں شروع ہونے والی انسداد پولیو قومی حفاظتی ٹیکہ جات مہم (نیشنل امیونائزیشن ڈیز)کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلع سکھر میں یونین کونسلز کی تعداد 60 سے بڑھا کر 85 کر دی گئی ہے ، جس سے انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے اور ٹارگٹ حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا نئی یوسیز کے قیام کے بعد انسداد پولیو مہم میں بہتری لانے کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، ان سے مشورے کے بعد تمام ٹیموں بشمول تعلقہ انچارجز اور یونین کونسل میڈیکل آفیسرز کی ازسرِنو ترتیب و شفلنگ عمل میں لائیں تاکہ ہر یونین کونسل میں مؤثر نگرانی اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پولیو ٹیموں پر زور دیا کہ وہ نئی یوسیز کے مطابق مائیکرو پلاننگ کو بروقت مکمل کریں اور پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں تاکہ ضلع سکھر کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے ۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران کام میں کوتاہی برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ مہم کی شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی ،تمام ٹیمیں مقررہ اہداف کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں