جامشورو:عوام کی جان و مال کاتحفظ یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر

جامشورو:عوام کی جان و مال کاتحفظ یقینی بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنر

کم عمر بچوں سے بھیک منگوانے کے خلاف سخت، بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیںغیر قانونی موبائل سموں کی روک تھام کی جائے ،غضنفر قادری ،اجلاس سے خطاب

 جامشورو (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، جس میں انہوں نے گزشتہ ماہ کی کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی پر بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر صوبائی اور وفاقی اداروں کے افسران نے غیر قانونی نان کسٹم پیڈ اشیا کے خلاف کی گئی کارروائیوں سمیت دیگر اہم اقدامات پر مشتمل تفصیلی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار ابڑو، ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بابر خان نظامانی، اے ڈی سی ٹو ڈاکٹر عدنان منیر تنیو، پاک آرمی، رینجرز، ایکسائز، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ غیر قانونی موبائل سموں کی روک تھام، کم عمر بچوں سے بھیک منگوانے کے مکروہ دھندے کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن ایپکس کمیٹی کے اجلاس ہر ماہ باقاعدگی سے دو مرتبہ منعقد کیے جائیں گے ، جبکہ کمیٹی کی کارکردگی اور کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ صوبائی اور وفاقی ایپکس کمیٹی کو ارسال کی جائے گی تاکہ ضلع جامشورو میں جرائم کے مکمل خاتمے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں