تجاوزات کے خلاف مہم،چار ہوٹلز اور ریسٹورنٹ سیل
فٹ پاتھ اور سڑکوں پر کرسیوں کے ذریعے گھیر ی گئی زمینوں کو خالی کرالیا گیاکمشنر کی ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے ہوٹلوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے خلاف کراچی انتظامیہ کی مہم جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو کارروائیوں کی رپورٹ پیش کردی ۔رپورٹ کے مطابق چار ہوٹلز اور ریسٹورنٹ سیل کئے گئے ، دو ہوٹلز ضلع شرقی میں جبکہ دو ہوٹلز ملیر ضلع میں سیل کئے گئے جبکہ چار ہوٹلوں کی جانب سے فٹ پاتھ اور سڑکوں پر کرسیوں اور میزوں کے ذریعے گھیر ی گئی زمینوں کو خالی کرا لیا گیا ۔ ہو ٹلز مالکان کو تنبیہ کر دی گئی کہ وہ دوبار ہ تجاوزات کے مرتکب ہوئے تو بھاری جرمانہ ہوگا ۔ شرقی ضلع میں سیل کئے گئے ہوٹلوں میں گلشن اقبال بلاک نمبر تین میں واقع ٹیسٹی رول کباب ریسٹورنٹ اور آغا رضا جوس شامل ہے جبکہ ملیر میں سیل کئے گئے ہوٹلز میں جعفر طیار میں واقع کویٹہ اجوہ ہوٹل اور نیو کوئٹہ کیفے آغا ہوٹل شامل ہیں جبکہ کیماڑی اور غربی اضلاع میں چار ہوٹلز کے خلاف کارروائی میں تجاوزات ہٹا دی گئیں اور مستقبل میں تجاوزات نہ کر نے کی یقین دہائی حاصل کرنے کے بعد انہیں تنبیہ کردی گئی ۔علاوہ ازیں ٹریفک کیلئے دشوار یا ں اور د باؤ کا باعث بننے والی 49 مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی،تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ ضلع جنوبی میں چار ضلع شرقی کیماڑ ی اور وسطی ضلع میں آٹھ آٹھ کورنگی میں گیارہ اور ملیر ضلع میں دس مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ تجاوزات کا سبب بننے والے ہوٹلوں اور دیگر کے خلاف بلا رعایت کارروائی کریں ۔