گیس بحران شدید،بل ہزاروں میں آرہے ،کاشف سعید
غیراعلانیہ گیس تعطل، لو پریشر نے کراچی سمیت سندھ کو مفلوج کر دیاعوام نظام وقیادت کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ گیس کی بندش، لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر کی شکایات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ ملک کی 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے تو اس پر پہلا حق سندھ کا ہی ہونا چاہیے ۔آئین کے آرٹیکل 157 کی شق نمبر 2میں واضح طور پرلکھا گیا ہے کہ جو گیس اور بجلی کسی ایک صوبے میں پیدا ہوتی ہے اس پر سب سے پہلا حق اس صوبے کا ہے ۔پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت وزیراعظم شہبازشریف کو اس سنگین مسئلے کانوٹس لینے کامطالبہ کرے ۔گزشتہ روزاپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سخت سردی میں گیس کا بدترین بحران ہے ،چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں، بعض علاقوں میں مکمل گیس بند ہے ، بعض علاقوں میں لو پریشر اور لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت کا شکار ہیں۔ ایک طرف سوئی سدرن کمپنی عوام کو گیس کی نارمل فراہمی میں ناکام ہوگئی ہے تودوسری طرف گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ کے باوجود گیس کے بل ہزاروں میں جاری کئے جارہے ہیں ۔ صنعتوں کے حالات پہلے ہی خراب ہیں اور بنیادی سہولتیں جو حکومت کی ذمہ داری ہے وہ فراہم نہیں کر رہی ۔انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی ملک میں جاری ظالمانہ نظام کے خاتمے اورعدل کے قیام کے لیے بدل دو نظام کو تحریک چلارہی ہے ۔عوام نظام وقیادت کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔