پنشن کی عدم ادائیگی:ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم

پنشن کی عدم ادائیگی:ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر کے خلاف کارروائی کا حکم

ادارہ شدید مالی بحران کا شکار، جائیدادیں فروخت کر کے واجبات ادا کریں گے ،کے ڈی اے کی رپورٹ پیشاحکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرینگے،ریمارکس،توہینِ عدالت کے مرتکب افسران طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی عدم ادائیگی سے متعلق دائر توہینِ عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی عبوری عملدرآمد رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران عدالت کو کے ڈی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ادارہ شدید مالی بحران کا شکار ہے ۔ رپورٹ کے مطابق عدالتی احکامات کی روشنی میں کے ڈی اے اب تک ایک ہزار چار سو سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کرچکا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 13 جنوری کو ایک خط موصول ہوا ہے جس میں ریٹائرڈ ملازمین کے بجٹ میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کے ڈی اے کی جائیدادوں کی فروخت سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی ممکن ہو سکے ، تاہم ان حالات میں عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ عدالت نے کے ڈی اے کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر متعلقہ افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کریں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عدالت نے توہینِ عدالت کے مرتکب افسران کو بھی طلب کر لیا۔ اس موقع پر کے ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ مالی حالات کے باعث عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد ممکن نہیں ہو سکا، تاہم درخواست گزاروں کو ہفتہ وار دس فیصد واجبات ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں